فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام میں جلد پیڈ فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان

ایک نئی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
ایک نئی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

میٹا کی جانب سے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ میں کچھ ایسے فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جن تک رسائی پیسوں کے عوض ممکن ہوگی۔

ایک نئی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی آمدنی میں کمی کے بعد میٹا نے اپنی ایپس میں 'پیڈ' فیچرز متعارف کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔

رپورٹ میں کمپنی کے ایک میمو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ میٹا کی جانب سے ایسے فیچرز کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جون 2022 میں مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ پیڈ فیچرز سے آمدنی 2024 سے قبل ممکن نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے میٹا کی جانب سے New Monetisation Experiences نامی نئی پراڈکٹ آرگنائزیشن کو قائم کیا گیا ہے۔

میٹا کے نائب صدر جان ہیگ مین کے مطابق ہمارے خیال میں نئی اقسام کی پراڈکٹس اور فیچرز کو استعمال کرنے کے لیے لوگ پیسے دینے کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔

مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ایسے پیڈ فیچرز کب تک متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپس میں اشتہارات بدستور موجود رہیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ پیڈ فیچرز کس حد تک ان ایپس میں موجود فیچرز سے مختلف ہوں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی سوشل میڈیا کمپنی نے اس طرح کے ماڈل پر غور کیا ہو۔

اس سے قبل ٹوئٹر نے بھی ٹوئٹر بلیو کے نام سے ایک سبسکرائپشن سروس متعارف کرائی تھی جس میں خصوصی فیچرز تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

مگر میٹا کی ایپس کو دنیا بھر میں اربوں افراد استعمال کرتے ہیں تو پیڈ ایپس سے آمدنی بھی ٹوئٹر کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوگی۔

مزید خبریں :