پاکستان
Time 04 ستمبر ، 2022

منچھر جھیل میں پانی کی سطح کم نہ ہوسکی، مزید دو مقامات پرکٹ لگانےکا فیصلہ

فوٹو: اسکرین گریب/ٹوئٹر
فوٹو: اسکرین گریب/ٹوئٹر

سیہون: منچھر جھیل کو کٹ لگانےکے باوجود پانی کی سطح کم نہ ہوسکی جس کے باعث جھیل میں مزید دو مقامات پر کٹ لگانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ انہار کے ذرائع کا کہنا ہےکہ بلوچستان سے پانی آنےکا سلسلہ جاری ہے، جھیل میں پانی کی سطح 25  فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ منچھر جھیل سے پانی اوور فلو ہونےکا سلسلہ جاری ہے،  بوبک میں آر ڈی 62 سےدانستر ریگولیٹر کےگیٹ سے پانی کا اوور فلو جاری ہے، باغ یوسف  آر ڈی 14 سےکٹ لگانے سے منچھر جھیل سے پانی کا دباؤ کم نہیں ہوا، آر ڈی 55 اور آر ڈی 80 سےکٹ لگایا جاسکتا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان کی سب سے بڑی منچھر جھیل میں سیلانی پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے آر ڈی 14 کے مقام پر کٹ لگایا گیا تھا۔

محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق منچھر جھیل کو کٹ لگانے کے بعد پانی گاؤں کرن پور اور انڈس لنک کے درمیان سے ہوتا ہوا دریائے سندھ میں داخل ہوگا۔

یاد رہے کہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے سے بند ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا اور بند ٹوٹنے کی صورت میں سیہون کی 5 یونین کونسلیں ڈوبنے کا خدشہ تھا۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے جبکہ میہڑ اور جوہی شہر کے رنگ بندوں پر بھی پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد شہری بوریوں میں مٹی بھر بھر کر بندوں کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔


مزید خبریں :