پاکستان
Time 07 ستمبر ، 2022

جرائم پیشہ افراد نے جھوٹے الزامات کی مہم چلائی: کراچی کی گارمنٹ فیکٹری کا ردعمل آگیا

پولیس نے بھی فیکٹری میں گینگ ریپ کی اطلاعات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا تھا— فوٹو: فائل
پولیس نے بھی فیکٹری میں گینگ ریپ کی اطلاعات کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا تھا— فوٹو: فائل

کراچی کی گارمنٹ فیکٹری نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید کردی۔

فیکٹری کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے جرائم پیشہ افراد نے ادارے کے خلاف جھوٹے الزامات کی مہم چلائی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کمپنی ڈینم ایکسپورٹ کرنے والی سرفہرست کمپنیوں میں سے ایک ہے اور ادارے میں ہزاروں کی تعداد میں ملازمین برسرروزگار ہیں اور ادارہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ادارہ جسمانی اور ذہنی ہراسگی کیخلاف بین الاقوامی معیار کے مطابق کارروائی کرتا ہے، سوشل میڈیا پر زیادتی سے متعلق مبینہ الزامات پر ڈی جی لیبر اور ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے تحقیقات کی گئی ہیں اور ان الزامات کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ثبوت ملا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ادارہ بدنیتی پر مبنی اس پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت اور تردید کرتا ہے اور مطالبہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جعلی خبریں پھیلانے والے گروہ کے خلاف کارروائی کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پولیس نے بھی کورنگی انڈسٹریل ایریا کی ایک فیکٹری میں گینگ ریپ اور لڑکی کے قتل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور پوسٹس کو جعلی، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :