08 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ جاوید بھائی اور شاہد آفریدی کے چھکوں کے بعد اب سب کو نسیم شاہ کے چھکے یاد رہیں گے۔
افغانستان کے خلاف کامیابی کے بعد شاداب خان نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ'کبھی اُمید نہ ہارو، جیت کے باوجود محسوس کیا کہ میچ میں ہم نے کچھ غلطیاں کیں، ہم انہیں ٹھیک کریں گے'۔
اس کے علاوہ انہوں نے افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر ملنے والا مین آف دی میچ ایوارڈ پاکستان ٹیم اور اپنے مداحوں کے نام کردیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی9 وکٹیں 118رنز پر گر گئی تھیں، بابر اعظم صفر، فخر زمان 5 اور محمد رضوان 20 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ افتخار 30 اور شاداب خان 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے،نسیم شاہ نے افغان بولر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔
افغانستان کے خلاف 36 رنز کی اننگز اور ایک وکٹ لینے پر شاداب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔