کھیل
Time 08 ستمبر ، 2022

ویڈیو: نسیم کے 2 چھکے، ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر افغان کھلاڑی روپڑے

ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کا مقابلہ آخری اوورز تک سنسنی خیز رہا لیکن نسیم شاہ کے دو لگاتار چھکوں نے جہاں افغانستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا وہی انڈین ٹیم کی ایشیا کپ میں واپسی کی امید پر  بھی پانی پھر گیا۔

افغانستان کرکٹ ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان کے ہاتھوں شکست پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائی اور افغان کھلاڑی اسٹیڈیم میں ہی گلے مل کر روپڑے۔

پاکستان ٹیم کے کھلاڑی جہاں افغانستان سے فتح کے بعد اسٹیڈیم میں جشن کے لیے بھاگے چلے آئے وہیں افغانستان کے کھلاڑیوں کو روتے ہوئے دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

ویڈیو میں افغان وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز  اور فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کو روتے دیکھا گیا جبکہ کھلاڑی نوین الحق نے اس موقع پر فاروقی کو دلاسہ دینے کے لیے انھیں گلے بھی لگایا، محمد نبی بھی مایوس سے نظر آئے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

پاکستان نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کر کے تاریخی فتح سمیٹی۔

مزید خبریں :