کھیل
Time 09 ستمبر ، 2022

پاکستان سے شکست کے بعدکھلاڑیوں کو نیند کی گولیاں کھانی پڑیں: کپتان افغان ٹیم

گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے پاکستان سے شکست پر بھی بات کی /فوٹوفائل
گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے پاکستان سے شکست پر بھی بات کی /فوٹوفائل

ایشیاکپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان سے شکست کھانے والی افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں گرین شرٹس سے ہارنے کے بعد سونے کے لیے نیند کی گولیاں کھانی پڑیں۔

گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے پاکستان سے شکست پر بھی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہارنے کے بعد ہمارے کئی کھلاڑی گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچ کر گرین ٹی لی اور بعد ازاں نیند کی گولیاں بھی کھائیں۔

محمد نبی کے مطابق ہمارے کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیلا، ہم عالمی سطح پر بڑی ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، امید ہے وہ ایک اور اچھی پرفارمنس ہو گی۔

دوسری جانب بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد اسسٹنٹ افغان کوچ اور سابق افغان کھلاڑی  رئیس احمد زئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں ناصرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ٹینشن میں تھی، اس میچ میں شکست کے بعد سب افسرد ہ ہیں۔

رئیس احمد زئی کے مطابق شکست کے بعد اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، وہ ہمارے لیے ایک برا دن تھا۔

اسسٹنٹ افغان کوچ نے مزیدکہا کہ ہم  مستقبل میں  بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی، ہمارے کھلاڑیوں نے بنگلا دیش اور پاکستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا، ہم نے مضبوط ٹیم پاکستان کے خلاف 130 رنز  پر بھی اچھا دفاع کیا، یہ چیز  ہمیں ورلڈ کپ کے لیے مزید اعتماد دے گی۔

 خیال رہے کہ  سپر فور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی،  اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :