12 ستمبر ، 2022
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق عمران خان کے بیان پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہ کیا عمران خان کی سیاست اس کے گرد گھومتی ہے کہ آرمی چیف کون ہوگا ؟ کیا عمران خان نے آئین پڑھا ہے؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیےکہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ذاتی مفاد کے لیے سرکس بازی بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، عمران خان نے اگست 2019 میں اسی اختیار کو آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ سے 4 ماہ قبل استعمال کیا تھا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان کےکہنے کا مطلب ہے کہ پاکستانی فوج میں کوئی بھی لیفٹیننٹ جنرل آرمی چیف بننے کا اہل نہیں ؟