Time 16 ستمبر ، 2022
کھیل

17سال بعد کراچی آنیوالی انگلش کرکٹ ٹیم کا ٹوٹی سڑکوں سے استقبال

ریڈ زون میں واقع ہوٹل میں مہمان ٹیم کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن ہوٹل میں انگلش کرکٹرز کھلے عام گھومتے پھرتے دکھائی دے رہے ہیں/فوٹوفائل
 ریڈ زون میں واقع ہوٹل میں مہمان ٹیم کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن ہوٹل میں انگلش کرکٹرز کھلے عام گھومتے پھرتے دکھائی دے رہے ہیں/فوٹوفائل

کراچی:  17سال بعد انگلش کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح جب کراچی ائیرپورٹ سے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل کے مرکزی دروازے کی جانب آئی تو سڑک کا بڑا حصہ ٹوٹا ہوا دیکھا۔

لندن سے کراچی پہنچنے کے بعد ٹوٹی ہوئی سڑک پر مہمان ٹیم کی بس ہچکولے کھاتے ہوئے ہوٹل کی پارکنگ میں داخل ہوئی،کراچی میں 2 فائیو اسٹارز ہوٹلوں کے درمیان واقع کلب روڈ کا بڑا حصہ حالیہ بارشوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہےاور بڑے گڑھے بن گئے ہیں۔

کمشنر آفس او ر چیف سیکریٹری ہاؤس سے گزرتے ہوئے جب آپ فائیو اسٹار ہوٹل میں داخل ہونے لگیں تو ٹوٹی ہوئی سڑک اور گڑھے انتظامیہ کی بے حسی اور شہر کی تباہی کا منظر پیش کرتے ہیں۔ 

 انگلش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بڑی تعداد میں انگلش میڈیا کے صحافی بھی کراچی میں ہیں لیکن کسی نے اس سڑک پر استر کاری کرنے کی زحمت نہ کی۔

حالیہ بارشوں میں جہاں شہر کی کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہوئیں وہیں کلب روڈ کی سڑک کا بڑا حصہ متاثر ہواماضی کے برعکس شہر میں مہمان ٹیم کے لیے خیر مقدمی بینرز بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم26 ستمبر تک کراچی میں قیام کرے گی، ریڈ زون میں واقع ہوٹل میں مہمان ٹیم کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن ہوٹل میں انگلش کرکٹرز کھلے عام گھومتے پھرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جم، سوئمنگ پول،  ریسٹورینٹس میں انگلش کرکٹرز دکھائی دیے ، انگلش ٹیم کے ساتھ آئے ہوئے صحافی بھی اس ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔

 انگلش کپتان جوز بٹلر  کے مطابق میں پہلی بار کراچی آیا ہوں لیکن میری ٹیم کے8 ، 9  کھلاڑی پی ایس ایل کھیلنے آئے تھے میں نے ان سے پاکستان کی روایتی میزبانی اور جوش و جذبے سے بھرپور شائقین کے بارے میں بہت کچھ سنا ہوا ہے۔

اس وقت میرے فٹنس مسائل ہیں لیکن کوشش کروں گا کہ جلد فٹ ہوکر پاکستان میں میچ کھیلوں، پاکستان آکر خوشی ہورہی ہے جسے بیان کرنا مشکل ہے۔


مزید خبریں :