دنیا
Time 19 ستمبر ، 2022

ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کیلئے تاریخ کے سخت ترین حفاظتی انتظامات

ملکہ کے تابوت کو لندن سے ونڈسر لے جایا جائے گا جہاں مزید 2000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں — فوٹو: فائل
ملکہ کے تابوت کو لندن سے ونڈسر لے جایا جائے گا جہاں مزید 2000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں — فوٹو: فائل

ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے موقع  پر تاریخ کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں حفاظتی انتظامات سنبھالنے کیلئے دس ہزار کے قریب پولیس اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

سکیورٹی انتظامات کیلئے میٹ پولیس کےعلاوہ برطانیہ کی تمام 43 ریجنل پولیس فورسز سے اضافی اہلکارطلب کیے گئے ہیں۔

ملکہ کے تابوت کو لندن سے ونڈسر لے جایا جائے گا جہاں مزید 2000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ لیمبتھ برج کے قریب ہائی ٹیک سکیورٹی کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

ملکہ کے آخری سفر کے دیدار کیلئے 10 لاکھ افراد کی وسطی لندن آمد متوقع ہے، ہجوم کو مناسب طریقے سے کنٹرول کرنے کیلئے وسطی لندن میں 22 میل طویل آہنی بیرئیرز نصب کیے گئے ہیں۔

ہجوم کو کنٹرول کرنے کے علاوہ دنیا بھر سے آئے 500 کے قریب سربراہان مملکت اور اہم شخصیات کی سکیورٹی  برطانوی سکیورٹی حکام کیلئے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

سکیورٹی حکام کی جانب سے وسطی لندن کی فضاؤں میں ڈرون اڑانے پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ فیونرل سروس کے دوران فضائی شور کو کم سے کم رکھنے کیلئے ہیتھرو ائیر پورٹ پر متعدد فلائٹس کو گراؤنڈ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سینٹرل لندن کی گلیوں اور سڑکوں پر موجود کوڑے دان اور سیوریج سسٹم کی تلاشی کاعمل جاری ہے جبکہ اونچی عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار اور سنائپرز تعینات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کےعلاوہ سیکڑوں رضاکار اور فوجی اہلکار بھی سکیورٹی آپریشن میں شامل ہیں جبکہ دریائے ٹیمز میں میرین آفیسرز بھی حفاظتی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ 2012 کے بعد برطانوی تاریخ میں یہ سب سے بڑا پولیس آپریشن ہوگا۔

مزید خبریں :