Time 21 ستمبر ، 2022
کھیل

میرے لیے یہ کم بیک یادگار ہوگیا،پی ایس ایل کا تجربہ کافی کام آیا، انگلش کرکٹر ہیلز

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری کی بدولت ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار اداکرنے والے  انگلش بیٹر ایلکس ہیلز کا کہنا ہے کہ کم بیک میچ میں ففٹی بہت اسپیشل ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف میچ کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  ایلکس ہیلز کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ کم بیک یادگار ہوگیا، پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کافی کام آیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بھی اپنا تجربہ شیئر کر رہا ہوں، پاکستان کا کراؤڈ کافی زبردست ہے،سمجھتا ہوں پاکستان کے اچھے آغاز کے بعد ہم نے شاندار بولنگ کی، طویل سیریز ہے،کوشش کریں گے کہ اگلا میچ جیت کر برتری مستحکم کریں۔

33 سالہ ایلکس ہیلز مارچ 2019 کے بعد اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے ،انہوں نے پاکستان کے خلاف 40 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ ہیلز پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیل چکے ہیں جہاں انہوں نے 5 میچز میں 168 رنز بنائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک خاص جگہ ہے اور یہ ان کے لیے بہت بڑا بونس ہے کہ وہ اس سے پہلے یہاں کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :