22 ستمبر ، 2022
بھارت میں 27 سالہ خاتون کو جہیز نہ دینے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کان کاٹ دیا گیا ۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر دیہرادون میں پیش آیا جہاں جہیز کی مانگ پوری نہ کرنے پر پریتی نامی خاتون گزشتہ دس برسوں سے ساس، سسر اور نند کی جانب سے تشدد کا نشانہ بن رہی تھیں لیکن اب سسرالیوں نے ان کا کان ہی کاٹ دیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق اس کی شادی کو 14 سال ہوچکے ہیں، اہلخانہ گزشتہ دو ہفتوں سے رابطے کی کوشش میں تھے لیکن میری طرف سے کوئی جواب نہ آنے پر وہ سسرال آگئے، جس وقت گھر والے پہنچے میں کچن میں بے ہوش پڑی تھی۔
پریتی نے بتایا کہ اس وقت میرے جسم پر زخموں کے علاوہ پین سے جلد جلانے کے نشانات بھی موجود تھے اس کے علاوہ ساس کی جانب سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دی جاتی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریتی دو بیٹوں اور ایک بیٹی کی ماں ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر شکایت درج کرلی گئی ہے جبکہ ساس اور نند کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔