ندیم خان نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور وظیفے بڑھانے کا مقصد بتادیا

فوٹو:ندیم خان
فوٹو:ندیم خان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور وظیفے بڑھانے کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹر کے درمیان مالی فرق کو کم کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھانے اور میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کے وظیفے کے اعلان کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ گورننگ بورڈ میں جو تجاویز دیں وہ منظور کرلی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تین سال سے کوشش تھی کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے، پہلے تنخواہوں میں اضافہ کیا پھر ڈومیسٹک میں کھلاڑوں کو اچھے ہوٹلز فراہم کیے گئے اور اب ان کی میچ فیس میں اضافہ کیا گیا ہے ،اس کا مقصد انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے  درمیان مالی فرق کو کم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چار روزہ قائد اعظم ٹرافی کی میچ فیس میں سب سے زیادہ 40فیصد اضافہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ کرکٹرز لانگ کرکٹ کی جانب بھی قدم بڑھائیں۔

ندیم خان نے بتایا کہ پی سی بی انڈر19 کرکٹر پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے،جس کی زندہ مثال سب کے سامنے ہے ۔قائد اعظم ٹرافی کے حریرا پاکستان کپ کے حسیب اللہ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے صائم ایوب جو بہترین بیٹر قرار پائے ،سب کی عمر 19 سے 20سال ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک میچ آفیشلز کیلئے بھی ماہانہ وظیفے دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ہمارے ڈومیسٹک امپائرز آفیشلز اسکورر کا لیول ہائی ہو اور وہ دنیا میں جاکر امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیں۔ پاکستان کی امپائرنگ کا اسٹینڈرڈ بہتر ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا ۔

ندیم خان پہلی جونیئر لیگ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بھی ہیں، ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جونیئر لیگ کے فیصلے کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے اور اس لیگ کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  پی سی بی کی یہ بہترین انسویسمنٹ ہے اور پوری دنیا کے کرکٹ بورڈز اس کو پسند کررہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں ڈومیسٹک کرکٹرز کی میچ فیس اور ماہوار وظیفے کی رقم میں اضافہ کیا تھا۔

مزید خبریں :