27 ستمبر ، 2022
معروف ریسلر جان سینا نے اپنے کیرئیر میں متعدد حریفوں شکست دی اور اب وہ ہالی وڈ میں جگہ بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
جان سینا نے میک اے وش فاؤنڈیشن کے لیے بچوں کی سب سے زیادہ خواہشات پوری کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ فاؤنڈیشن بہت زیادہ بیمار یا قریب المرگ بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جان سینا نے 2 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی 650 خواہشات کو پورا کیا۔
یہ اعدادوشمار 19 جولائی تک کے ہیں اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ نے جان سینا کو سراہتے ہوئے بتایا کہ آج تک کوئی اور ایسے بیمار بچوں کی 200 سے زیادہ خواہشات پوری نہیں کرسکا۔
یہ بیمار بچے اکثر میک اے وش فاؤنڈیشن سے کسی معروف شخصیت سے ملاقات، کسی ایونٹ میں شرکت یا کسی فرد سے تحفے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں اور جان سینا اس کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
گنیز بک ریکارڈز کی ویب سائٹ میں جان سینا کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'انہیں جب بھی میری ضرورت ہوگی تو میں یہ پروا نہیں کروں گا کہ میں کیا کررہا ہوں، میں سب کام چھوڑ کر اس بچے کی خواہش پوری کروں گا'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اگر مجھے اس طرح کے بہترین تجربے کا حصہ بننے کا موقع ملے تو میں سب کچھ چھوڑ دوں گا، میں سب سے آگے بڑھ کر اپنا فرض پورا کروں گا'۔
جان سینا نے 2002 میں میک اے وش کے ساتھ کام کرنا شروع کیا تھا اور اس کے بعد سے مسلسل اس سے جڑے ہوئے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے 16 بار چیمپئن رہنے والے جان سینا نے ریسلنگ کو کافی حد تک خیرباد کہہ دیا ہے اور اب ان کی توجہ ہالی وڈ فلموں پر مرکوز ہے۔