کئی بار ہمیں دن کے وقت چاند آسمان پر کیوں نظر آتا ہے؟

کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو
کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو

رات کے وقت آسمان پر چاند ہی سب سے زیادہ روشن ہوتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ رات کے وقت ہم زمین کے جس مقام پر موجود ہوتے ہیں اس کا رخ سورج کی جانب نہیں ہوتا اور اسی وجہ سے رات کو سورج نظر نہیں آتا، اس کی جگہ چاند جگمگا رہا ہوتا ہے۔

مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ کئی بار ہمیں دن کے وقت بھی چاند آسمان پر نظر آتا ہے؟

ویسے یہ جان لیں کہ چاند ہر وقت ہی آسمان پر موجود ہوتا ہے مگر سورج کے باعث وہ ہمیں نظر نہیں آتا۔

مگر ہر مہینے چند دن ایسے ہوتے ہیں جب سہ پہر کے وقت بھی چاند کو دیکھنا ممکن ہوتا ہے، البتہ وہ ہلال کی شکل میں ہوتا ہے یا نصف چاند نظر آتا ہے تو اس کی وجہ کیا ہے؟

تو اس کا جواب کافی دلچسپ ہے اور وہ ہے آسمان پر چاند کی پوزیشن۔

جیسا آپ کو علم ہوگا کہ چاند ہماری زمین کے گرد چکر لگاتا ہے اور زمین سورج کے گرد گھومتی ہے۔

اس کے نتیجے میں آسمان پر چاند اور سورج کی پوزیشنز بدلتی رہتی ہیں، اس دوران مہینے میں ایک بار ہی چاند کے روشن پہلو کا رخ مکمل طور پر سورج کی جانب ہوتا ہے جو پورے چاند کی شکل میں ہمیں نظر آتا ہے۔

چاند کے مدار کے مراحل / فوٹو بشکریہ بی بی سی اسکائی
چاند کے مدار کے مراحل / فوٹو بشکریہ بی بی سی اسکائی

یعنی اس وقت چاند سورج غروب ہونے کے بعد طلوع ہوجاتا ہے یا صبح اس کا الٹ ہوجاتا ہے۔

مہینے کے باقی ایام میں ایسا نہیں ہوتا یا آسان الفاظ میں چاند سورج غروب ہونے سے قبل یا اس کے بعد آسمان پر طلوع ہوسکتا ہے، جس کا انحصار مکمل چاند سے قبل یا بعد کی پوزیشن پر ہوتا ہے۔

دن میں چاند کو آسمان پر دیکھنے کا بہترین وقت نئے چاند کی پیدائش کے بعد پہلے ہفتے یا مکمل چاند کے بعد کے ہفتے کے دوران ہوتا ہے۔

دن کے وقت چاند نظر آنے کی ایک اور وجہ بھی ہے اور وہ ہماری زمین کے اس پڑوسی کی قربت اور روشنی ہے۔

یقیناً چاند کی اپنی تو کوئی روشنی نہیں ہوتی بلکہ وہ سورج کی روشنی سے جگمگاتا ہے، چونکہ یہ زمین کے بہت قریب ہوتا ہے تو اس لیے دیگر سیاروں کے مقابلے میں ہمیں بہت زیادہ روشن نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے وہ کبھی کبھار دن میں بھی نظر آجاتا ہے۔

مزید خبریں :