پاکستان
Time 29 ستمبر ، 2022

کراچی میں پیپلز بس سروس کے مسافروں کیلئے خوشخبری

مانیٹرنگ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر بسوں کی بروقت روانگی، اوورلوڈنگ اور دیگر معاملات کی رپورٹ مرتب کرے گی: صوبائی وزیر — فوٹو: فائل
مانیٹرنگ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر بسوں کی بروقت روانگی، اوورلوڈنگ اور دیگر معاملات کی رپورٹ مرتب کرے گی: صوبائی وزیر — فوٹو: فائل

کراچی میں پیپلز بس سروس کے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ گلشن حدید روٹ کی بسیں اب بہ راستہ شاہراہ فیصل ٹاور تک چلیں گی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر سے پیپلز بس سروس گلشن حدید سے ٹاور تک چلائی جائے گی، روٹ میں تبدیلی گلشن حدید کے عوام کے مطالبہ پر کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ 29 ستمبر سے کھوکھراپار-ٹاور روٹ پر بسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا اوراس روٹ پر 30 بسیں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے، ہمیں سروس کو مزید بہتر کرنا ہے، اوور لوڈنگ کی حوصلہ شکنی کی جائے  گی کیوں کہ اس حوالے سے بہت زیادہ شکایت موصول ہو  رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مانیٹرنگ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر بسوں کی بروقت روانگی، اوورلوڈنگ اور دیگر معاملات کی رپورٹ مرتب کرے گی۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کے لاڑکانہ میں آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر نے ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو لاڑکانہ ضلعی انتظامیہ سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کر کے روٹس میں درپیش مسائل کو دور کرنے کی ہدایت دی۔

مزید خبریں :