کھیل
Time 02 اکتوبر ، 2022

'قابلِ فخر لمحہ'، کائنات اور والدہ کی ایک ساتھ ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر  کائنات امتیاز  والدہ سلیمہ امتیاز کے ہمراہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے پر  بے حد خوش ہیں۔

کائنات نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر  بین الاقوامی سطح پر امپائرنگ میں ڈیبیو کرنے والی اپنی والدہ کے لیے اعزازی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا 'میری والدہ ویمنز ایشیا کپ 2022 میں بطور امپائر فرائض سرانجام دیں گی، انہوں نے جو کچھ حاصل کیا، مجھے بے حد فخر ہے اور یہ لمحہ قابلِ فخر ہے'۔

قومی آل راؤنڈر نے اپنی پوسٹ میں لکھا 'ہمیشہ سے میری والدہ کا خواب تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کریں، آج تک میں ان کے خواب کی تعبیر تھی لیکن اب بہت انتظار کے بعد یہ خود پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں'۔

انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ 'ہم دونوں پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں'۔

پاکستانی کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں والد اور شوہر کو بھی مینشن کیا اور انہیں اپنی والدہ اور اپنی کامیابی کی وجہ قرار دیا۔

واضح رہے کائنات امتیاز کی والدہ کو بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے، وہ اور ان کے شوہر امتیاز علی اسکول میں اسپورٹس ٹیچر ہوا کرتے تھے، تاہم 2006 میں سلیمہ امتیاز نے امپائرنگ کرنا شروع کی تھی۔

سلیمہ امتیاز نے گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کیا۔

خیال رہے کہ خواتین ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے آج ہونے والے تیسرے میچ میں پاکستان نے ملائیشیا کو باآسانی 9 وکٹ سے ہرا دیا۔ 

سلہٹ میں ملائیشین ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 57 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عمیمہ سہیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :