Time 02 اکتوبر ، 2022
صحت و سائنس

وہ عام ورزش جسے ہفتے میں ایک بار کرنا بھی جلد موت کا خطرہ کم کرے

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ہفتے میں صرف ایک بار مخصوص ورزشیں کرنے سے کسی بھی بیماری سے جلد موت کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق ایک لاکھ افراد کو شامل کیا گیا۔

ان افراد میں ورزش کرنے کی عادت اور دائمی امراض جیسے کینسر اور امراض قلب سمیت دیگر سے موت کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان افراد کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا اور دریافت ہوا کہ جو افراد ہر ہفتے 150 سے 300 منٹ ایروبک ورزش (چہل قدمی، سائیکلنگ وغیرہ) کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں کسی بھی بیماری سے موت کا خطرہ 32 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اسی طرح ویٹ لفٹنگ سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 9 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

مگر جو افراد ہفتے میں ایک یا 2 بار ایروبک اور ویٹ لفٹنگ دونوں قسم کی ورزشیں کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں جلد موت کا خطرہ 41 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اگر آپ جسمانی طور پر متحرک نہیں تو کچھ وقت ورزش کے لیے ضرور مختص کریں۔

اسی طرح اگر ایروبک ورزش کرتے ہیں تو وزن اٹھانے کو بھی عادت بنالیں۔

محققین کے خیال میں جسم مضبوط بنانے والی ورزشوں سے مسلز کا حجم اور مضبوطی بڑھتی ہے جس سے امراض سے لڑنا آسان ہوجاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسین میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :