Time 05 اکتوبر ، 2022
پاکستان

وزیراعلیٰ کے بعد عمران خان کو ہیلی کاپٹرمیں لانے کی ذمہ داری صوبائی وزرا نے اٹھا لی


نئے قانون کے تحت صوبائی وزرا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرسکتے ہیں: صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محب اللہ خان کا مؤقف/ فائل فوٹو
نئے قانون کے تحت صوبائی وزرا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرسکتے ہیں: صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محب اللہ خان کا مؤقف/ فائل فوٹو

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ہیلی کاپٹرمیں لانے کی ذمہ داری صوبائی وزرا نے اٹھا لی۔

عمران خان کے پشاورآنے والے دن صوبائی وزرا کا اسلام آباد جانا معمول بن گیاہے اور چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

صوبائی وزیر کامران بنگش کے بعد صوبائی وزیرلائیو اسٹاک محب اللہ بھی ہیلی کاپٹرمیں اسلام آباد گئے اور واپسی پرسابق وزیراعظم عمران خان صوبائی وزیر کے ہمراہ گورنر ہاؤس پشاور پہنچے۔

سرکاری ہیلی کاپٹر میں تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی تھے، عمران خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پارٹی رہنما ، اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے خطاب کیا اور حکومت کے مخالف تحریک میں حصہ لینے کے لیے کارکنوں کے ہمراہ حلف اٹھایا۔

 اس سے پہلےصوبائی وزیر کامران بنگش ایڈورڈز کالج میں خطاب کے لیےعمران خان کو ہیلی کاپٹرمیں اسلام آباد سے لائے تھے۔

 صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محب اللہ خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد میٹنگ کے لیے گیا تھا جہاں سے واپسی پر عمران خان ہیلی کاپٹر میں میرے ساتھ پشاور آئے ، نئے قانون کے تحت صوبائی وزرا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :