Time 06 اکتوبر ، 2022
کھیل

’نیوزی لینڈ کی کنڈیشن آسٹریلیا جیسی، سیریز ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری میں مددگار ہو گی‘

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں، سہہ فریقی سیریز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہہ ملکی سیریز سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے خلاف میچز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤدی اور بیٹنگ میں کین ولیمسن ہے، اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں، آسٹریلیا میں بھی بال باؤنس ہوتا ہے اور یہاں بھی ہوتا ہے، اس سیریز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی اچھی تیار ہو گی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہم نے مختلف کمبی نیشن آزمائے، ہمیں اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہوا، اس سیریز میں ہماری کوشش ہو گی کہ ان کھلاڑیوں کو آزمائیں جنہیں ورلڈکپ میں کھلانا ہے۔

یاد رہے کہ سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کل پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہو گا۔

مزید خبریں :