فیس بک میں صارفین کی سہولت کیلئے کیا نیا اضافہ کیا جا رہا ہے؟

ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو

میٹا کی جانب سے فیس بک فیڈ (پہلے اسے نیوز فیڈ یا ہوم فیڈ بھی کہا جاتا تھا) میں صارفین اب اپنی مرضی کے مواد کے بارے میں کمپنی کو آگاہ کرسکیں گے۔

فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں 'شو مور' اور 'شو لیس' نامی 2 بٹن متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔

یہ بٹن فیڈ پر موجود پوسٹس کے نیچے نظر آئیں گے۔

کسی پوسٹ میں شو مور یا شو لیس میں سے کسی پر کلک کرنے پر اس طرح کا مواد زیادہ یا کم نظر آنے لگے گا۔

کمپنی کے مطابق اس سے صارفین کو موقع ملے گا کہ وہ ایسے مواد کا انتخاب کرسکیں جو وہ اس پلیٹ فارم پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

بلاگ میں بتایا گیا کہ فیڈ رینکنگ کے لیے مزید ذرائع صارفین کو فراہم کیے جارہے ہیں اور اے آئی سسٹمز کو زیادہ اسمارٹ بنایا جارہا ہے۔

یہ بٹن انفرادی پوسٹس میں تھری ڈاٹ مینیو اور فیڈ پریفرینس سیٹنگز میں بھی موجود ہوں گے جبکہ جلد ریلز میں بھی ان کا اضافہ کیا جائے گا۔

یہ فیچر جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ میٹا
یہ فیچر جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کی جانب سے اس سے پہلے بھی فیس بک اور انسٹاگرام میں اس طرح کے مختلف فیچرز متعارف کرائے جاچکے ہیں۔

فیس بک پر صارفین پوسٹس کو ہائیڈ کرسکتے ہیں جس سے پلیٹ فارم کو عندیہ ملتا ہے کہ اس طرح کا مواد صارف دیکھنا نہیں چاہتا، جبکہ دوستوں، گروپس اور پیجز کی پوسٹس کو ایک ماہ کے لیے روکنا بھی ممکن ہے۔

اگست 2022 میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس کی جانب سے ایک فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے جس سے صارفین ایسے مخصوص کی ورڈز اور ایموجیز کی فہرست بناسکیں گے جن میں انہیں دلچسپی نہیں ہوگی۔

درحقیقت میٹا کی جانب سے فیس بک فیڈ کو ٹک ٹاک کے الگورتھم کی طرح بنانے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ صارفین زیادہ سے زیادہ وقت اس پلیٹ فارم میں گزاریں اور بار بار اس کا رخ کریں۔

مزید خبریں :