07 اکتوبر ، 2022
ایپل کے آئی فون 14 سیریز کو متعارف ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا مگر اس کمپنی کی آئندہ سال کی ڈیوائسز کے بارے میں لیکس ابھی سے سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
نئی لیکس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 15 سیریز یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ سے لیس ہوگی۔
درحقیقت یہ 11 سال (2023 میں) بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
اس سے قبل 2012 میں کمپنی نے 30 پن ڈوک کنکٹر کی جگہ لائٹننگ پورٹ کو دی تھی۔
مگر اب یورپی یونین کی جانب سے 2024 سے تمام الیکٹرونک ڈیوائسز کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے قانون کی منظوری کے باعث ایپل کو اپنے آئی فونز فروخت کرنے کے لیے چارجنگ پورٹ کو بدلنا ہوگا۔
لیک کے مطابق یورپ سمیت پوری دنیا میں آئی فون 15 سیریز کے فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کو دیا جائے گا اور لائٹننگ پورٹ کو ختم کردیا جائے گا۔
اس سے قبل بھی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے آئی فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کی آزمائش کی جارہی ہے۔
یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو اس سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔
ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ 2023 میں ایپل کی جانب سے پرو میکس ماڈل کو الٹرا سے بدل دیا جائے گا، جیسا اس سال ایپل واچ میں کیا گیا۔
یہ الٹرا ماڈل آئی فون 15 سیریز کے دیگر فونز سے بالکل مختلف ہوگا۔