08 اکتوبر ، 2022
کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح گرومندر سے تین ہٹی جانے والی دو طرفہ جہانگیر روڈ کی حالت زار توجہ کی منتظر ہے۔
تین ہٹی سے گرومندر تک ایک کلومیٹر کا ٹریک تو بنا دیا گیا مگر گرومندر سے تین ہٹی جانے والی سڑک اب بھی یہاں سے گزرنے والوں کے لیے ایک کڑا امتحان بنی ہوئی ہے۔
ڈیڑھ کلو میٹر پر محیط کراچی کی مصروف شاہراہ جہانگیر روڈ گرومندر سے تین ہٹی اور تین ہٹی سے گرومندر تک دو طرفہ ٹریکس پر مشتمل ہے۔
یہ سڑک گزشتہ ڈیڑھ سال سے گہرے گڑھوں، کھلے ہوئے گٹروں اور ٹوٹی پھوٹی فٹ پاتھ کا مرکز بنی ہوئی ہے، یہاں سے گزرنا ذہنی اذیت اور جسمانی تکلیف بھی ہے اور حادثات کا سبب بھی۔
ڈیڑھ سال کے طویل انتظار کے بعد حکومت نے اس کی تعمیر تو شروع کی مگر اب بھی تین ہٹی سے گرومندر جانے والا ٹریک ہی تعمیر کیا جا سکا جبکہ گرومندر سے تین ہٹی جانے والے ٹریک پر نہ سیوریج کا نظام بہتر بنایا جاسکا اور نہ ہی سڑک تعمیر کی جاسکی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ جہانگیر روڈ کا یہ ٹریک ماضی کی طرح تعمیر نہیں کیا جائے گا بلکہ اس سڑک پر پہلے سیوریج کا نظام ٹھیک کیا جائے گا، اس کے بعد سڑک تعمیر ہوگی۔
شہری جہانگیر روڈ کا ایک ٹریک تعمیر ہونے پر خوش ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ دوسرا ٹریک بھی جلد تعمیر کر دیا جائے تو مسئلہ مکمل طور پر حل ہو جائے گا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گرومندر سے تین ہٹی جانے والا خستہ حال ٹریک ان کے لیے وبال بنا ہوا ہے، حکومت اس کی تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔