09 اکتوبر ، 2022
جسمانی وزن میں اضافہ تو کسی بھی فرد کو پسند نہیں ہوتا بالخصوص اگر پیٹ باہر نکلنا شروع ہوجائے۔
جسمانی وزن میں کمی کے لیے لوگ ڈائٹنگ کرتے ہیں، ورزشوں کے پروگرام کا حصہ بنتے ہیں یا ایسے ہی دیگر طریقوں کو اپناتے ہیں۔
مگر ایک ایسا طریقہ بھی موجود ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے اور کچھ کرنا بھی نہیں پڑتا، بس کچھ وقت ایک جگہ بیٹھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ہارر فلموں کو دیکھنے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے۔
جی ہاں واقعی ایک ہارر فلم کو دیکھنے سے اتنی کیلوریز جلتی ہیں جتنی 30 منٹ کی چہل قدمی سے جلتی ہیں۔
کچھ سال پہلے برطانیہ کی ویسٹ منسٹر یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہارر فلمیں دیکھنے کی عادت جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق 90 منٹ کی ایک فلم دیکھنے سے اوسطاً 113 کیلوریز جلتی ہیں اور اگر 30 منٹ تک چہل قدمی کی جائے تو بھی اتنی کیلوریز جلانا ممکن ہے۔
تحقیق کے مطابق فلم جتنی دہشت زدہ کردینے والی ہوگی کیلوریز جلنے کی مقدار بھی اتنی زیادہ ہوگی۔
اس تحقیق میں 10 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور محققین نے دریافت کیا کہ ہارر فلم دیکھتے ہوئے لوگوں کی دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے، آکسیجن کی زیادہ مقدار جسم کے اندر کھینچنے لگتے ہیں جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی زیادہ مقدار خارج کرتے ہیں۔
دہشت زدہ کردینے والے مناظر اکثر افراد کو چیخنے یا کرسیوں پر اچھلنے پر بھی مجبور کردیتے ہیں، خوف اور انزائٹی کا یہی تناؤ بھوک کو دبانے کے ساتھ میٹابولزم کو تیز کردیتا ہے۔
تحقیق کے دوران لوگوں کو 10 فلمیں دکھائی گئی تھیں اور دریافت کیا گیا کہ خوف کی شدت بڑھنے سے نبض تیز چلنے لگتی ہیں اور جسم میں خون تیزی سے گردش کرنے لگتا ہے، جس سے ایسا ہارمون خارج ہوتا ہے جو کیلوریز جلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس حوالے سے ہالی وڈ کی ہارر فلم دی Shining بہترین ہے جس کو دیکھنے سے 184 کیلوریز جلتی ہیں جبکہ Jaws کو دیکھنے پر 161 اور دی Exorcist کو دیکھنے سے 158 کیلوریز جلتی ہیں۔