12 اکتوبر ، 2022
پاکستان جونیئر لیگ کے آٹھویں میچ میں راولپنڈی ریڈرز کے آل راؤنڈر افنان خان نے پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
قذاقی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانے والا میچ بارش سے متاثر ہوا جہاں راولپنڈی ریڈرز نے 16 اوورز میں 4 وکٹوں پر 125 رنز بنائے تھے جس کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا اور پھر حیدر آباد ہنٹرز کو ڈی ایل ایس پر 5 اوورز میں 55 رنز کا ٹارگٹ ملا، آخر میں 16 رنز درکار تھے جس دوران آل راؤنڈر افنان خان نے تاریخ رقم کر دی۔
افنان خان نے پاکستان جونیئر لیگ کی پہلی ہیٹ ٹرک کر ڈالی اور راولپنڈی ریڈرز نے 14 رنز سے میچ جیت لیا۔
پلان یہ تھا کہ ڈاٹ بال کرنے ہیں ایسے میں وکٹیں لینے میں کامیاب ہو گیا:افنان
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر افنان خان نے کہا کہ کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ آخری اوور میں وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، بس پلان یہ تھا کہ ڈاٹ بال کرنے ہیں ایسے میں وکٹیں لینے میں کامیاب ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز مشکل تھیں بال کو گرپ کرنے میں مشکل ہو رہی تھی لیکن ان چیزوں کو ذہن میں نہیں رکھا، مینجمنٹ نے بھی یہی کہا تھا کہ پازیٹو جائیں یہ ایک اچھا ٹوٹل ہے، ہم نے 100 فیصد دینے کی کوشش کی اور کامیاب ہوئے۔
افنان خان کا کہنا تھاکہ آخری اوور کی وجہ سے دباؤتھا لیکن ہم سب کو یقین تھا کہ ہم جیت سکتے ہیں اور پھر ایسا ہی ہوا۔
آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پی جے ایل سے بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں، خواب تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلنا ہیں، اب یہ خواب پورا ہوا ہے، اب ہم نے پہلے سیزن کا چیمپئین بننا ہے اس کے لیے محنت کر رہے ہیں۔
افنان نے مزید کہا کہ وہ اسپن بولنگ اور بیٹنگ پر یکساں توجہ دیتے ہیں کیونکہ انہیں دونوں میں کامیاب ہو کر ایک اچھا آل راونڈر بننا ہے۔