15 اکتوبر ، 2022
پیپلز پارٹی پنجاب نے مسلسل عمران خان کی حمایت کرنے اور پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر سینئر قانون دان اور پارٹی کے بانی رہنما اعتزاز احسن کے گھر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کو فوری طور پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارٹی سے نکالنے کی متفقہ قرار داد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھجوائی جا رہی ہے جبکہ اتوار کے روز اعتزاز احسن کے گھر کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔
رانا فاروق سعید نے کہا کہ یہ کارروائی اعتزاز احسن کی جانب سے عمران خان کی مسلسل حمایت اور پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات پر کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے مسلسل پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر آصف علی زرداری کی ہدایت پر اعتزاز احسن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔