Time 18 اکتوبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

مارک زکربرگ واٹس ایپ کو کس مقبول سروس سے بہتر تصور کرتے ہیں؟

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں مارک زکربرگ نے ان خیالات کا اظہار کیا / فائل فوٹو
ایک انسٹاگرام پوسٹ میں مارک زکربرگ نے ان خیالات کا اظہار کیا / فائل فوٹو

گوگل کی جانب سے کئی برس سے ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کی جگہ نئے میسجنگ پروٹوکول آر سی ایس کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مگر ایپل کی جانب سے اس نئی میسجنگ سروس کو اپنانے سے گریز کیا جارہا ہے اور آئی میسج پر ہی مکمل توجہ دی جارہی ہے۔

اب میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بھی ایپل اور آئی میسج کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں مارک زکربرگ نے کہا کہ واٹس ایپ آئی میسج کے مقابلے میں زیادہ پرائیویٹ اور محفوظ میسجنگ سروس ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر آئی فونز اور اینڈرائیڈ دونوں پلیٹ فارمز میں کام کرتا ہے، جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک ایپس اور کچھ وقت بعد غائب ہوجانے والے فیچرز بھی اس سروس کا حصہ ہیں۔

مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ آئی میسج میں یہ سب فیچرز موجود نہیں۔

مارک زکربرگ نے انسٹاگرام پوسٹ میں ایک اشتہار کی تصویر بھی پوسٹ کی جس کا مقصد لوگوں میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی اہمت کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ دنیا کے بیشتر ممالک میں سرفہرست میسجنگ ایپ ہے مگر امریکا میں وہ آئی میسج سے پیچھے ہے۔

واٹس ایپ کے سربراہ وِل کیتھکارٹ نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا میں روزانہ اربوں ایس ایم ایس بھیجے جاتے ہیں حالانکہ وہ محفوظ نہیں، اسی لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی اہمیت کے حوالے سے مہم کو توسیع دی جارہی ہے۔

مزید خبریں :