20 اکتوبر ، 2022
امراض قلب، موٹاپے، ذیابیطس یا دیگر امراض سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو اپنا زیادہ وقت کھڑے رہ کر گزارنا عادت بنالیں۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اگر لوگوں نے جسمانی سرگرمیوں کو بڑھایا نہیں تو آئندہ چند سال میں 50 کروڑ افراد امراض قلب، موٹاپے، ذیابیطس یا دیگر بیماریوں کے شکار ہوسکتے ہیں۔
194 ممالک میں کیے گئے سروے پر مبنی اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو 2030 تک کھربوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔
عالمی ادارے کے مطابق ممالک کی جانب سے لوگوں کو چہل قدمی، سائیکلنگ، کھیل اور دیگر جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے متحرک بنانے کے لیے پالیسیوں پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں کے عالمی ہدف کو صرف اسی صورت میں حاصل کیا جاسکتا ہے جب زیادہ سے زیادہ لوگ جسمانی طور پر متحرک ہوجائیں گے، اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق جسمانی سرگرمیاں اقتصادی اور سماجی بہتری کی کنجی ہیں مگر اس حوالے سے سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔
اس سے قبل 2020 میں عالمی ادارہ صحت نے پہلی بار گائیڈلائنز جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا متعدد امراض اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
اس ڈیٹا کے مطابق جو لوگ زیادہ وقت بیٹھ کر گزرتے ہیں، وہ جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ کرکے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔
گائیڈلائنز میں کہا گیا کہ ہر ہفتے ڈیڑھ سو سے 300 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیاں یا 75 سے سو منٹ کی سخت جسمانی سرگرمیاں عادت بنانی چاہیے، تاہم کسی بھی دورانیے کی جسمانی سرگرمی کچھ نہ کرنے کے مقابلے میں بہتر ہے۔