20 اکتوبر ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں دعویٰ کیا ہےکہ عمران خان نے کبھی جلسے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔
چارسدہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کا الزام پہلی دفعہ لگا، ڈی آر او نے رپورٹ کیا کہ عمران خان وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے ہیلی کاپٹر استعمال کیا، 8 ستمبرکو الیکشن ملتوی کیا گیا تھا، وزیر اعلیٰ کو فلڈ ریلیف کیمپ میں جانا تھا تو چیئرمین پی ٹی آئی بھی ہمراہ گئے، عمران خان نے کبھی جلسےکے لیے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا کہ تھوڑے سے فاصلے پر ہیلی کاپٹر سے اترکر چلےگئے؟ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نےکسی اور فلڈکیمپ کا دورہ کیا؟ س پر وکیل کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مختلف اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ کہاں لکھا ہےکہ ایک ایم این اے مزید 6 سیٹوں پر الیکشن لڑے؟ اس پر بیرسٹرگوہر نے جواب دیا کہ یہ تو قومی اسمبلی کو دیکھنا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نےکہا کہ آپ کے کلائنٹ کہتے ہیں استعفے منظور نہیں ہوئے، ہمارے پاس جو استعفے آئے وہ منظور کرلیے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مزید دلائل کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔