کھیل
Time 26 اکتوبر ، 2022

بابر کی کپتانی پر تنقید شعیب ملک نے نہیں بلکہ سلیم ملک نے کی

یہ دباؤ والی صورتحال ہوتی ہے اور ایسے وقت میں سینیئر کھلاڑی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے: سابق کپتان کی گفتگو— فوٹو:فائل
یہ دباؤ والی صورتحال ہوتی ہے اور ایسے وقت میں سینیئر کھلاڑی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے: سابق کپتان کی گفتگو— فوٹو:فائل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد سابق کپتان سلیم ملک نے بابر اعظم کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم ملک کا کہنا  تھا کہ یہ دباؤ والی صورتحال ہوتی ہے اور ایسے وقت میں سینیئر کھلاڑی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے، اگر کپتان کو سمجھ نہیں آرہی اور غلط فیصلے لے رہا ہے تو آپ جا کر اسے بتا سکتے ہیں کہ غلط ہو رہا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ ہمیشہ کہتا ہوں فاسٹ بولر کے ساتھ ایک سینیئر کھلاڑی کو ہونا چاہیے جو اس کو بتائے اور حوصلہ دے۔

کپتانی کے حوالے سے سلیم ملک نے کہا کہ اتنے سالوں کے بعد بھی کپتانی نہیں آتی تو پھر کپتانی نہیں کرنی چاہیے، اگر بار بار غلطیاں کر رہے ہیں تو بہتر ہے بیٹنگ پر توجہ دیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھاکہ بہت سارے لوگوں نے کپتانی چھوڑی ہے، غلطیوں پر غلطیاں کر رہے ہیں تو پھر کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 مرحلےمیں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

نوٹ: اس خبر میں پہلے غلطی سے سلیم ملک کی جگہ شعیب ملک کا نام لکھا گیا تھا جس کو اب درست کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :