کھیل
Time 24 اکتوبر ، 2022

پاکستان کا نواز سے آخری اوور کرانے کا پلان پتہ چل گیا تھا: کوہلی

فوٹو: ٹوئٹر/ای ایس پی این
فوٹو: ٹوئٹر/ای ایس پی این

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کے منصوبے کو بھانپ لیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویب سائٹ پر ویرات کوہلی اور ہاردک پانڈیا کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دونوں کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنائی جانے والی تکنیک سے متعلق گفتگو کی۔

ویرات کوہلی نے کہا 'چار کھلاڑی جلد آؤٹ ہونے کے بعد جب ہاردک گراؤنڈ میں آیا تو اس وقت میں بہت زیادہ دباؤ میں تھا، میں اس نوعیت کے گیمز پہلے بھی کھیل چکا ہوں اور مجھے اندازہ ہے کہ پوری قوم کو آپ سے کس قدر امیدیں ہوتی ہیں'۔

انہوں نے کہا 'ہاردک بے خوف کریز پر آیا اور اس نے  آتے ہی مجھے کہا ہم نے صرف پارٹنر شپ بنانی ہے اور وکٹ بچانی ہے، بعد میں رنز بن جاتے ہیں، فی الحال کریز پر جمے رہنا ہے کیونکہ میں اس وقت بڑے شاٹس کھیلنے کے در پے تھا لیکن وہ خطرے سے خالی نہ جاتا'۔

ویرات نے بتایا '10ویں اوور کے بعد وقفے کے دوران میں نے ہید کوچ راہول ڈریوڈ سے بات کی تو انہوں نے بھی یہ ہی کہا کہ تم دونوں کا کریز پر ہونا بہت ضروری ہے، ہم صرف اپنی کرکٹ پر فوکس کر رہے تھے'۔

پتہ چل گیا تھا آخری اوور محمد نواز کروائے گا: ویرات

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ویرات نے کہا 'میچ جب آخری مراحل میں تھا اور ہم نے دیکھا نواز کا صرف ایک اوور ہے اور ہاردک اسے آرام سے چھکے مار سکتا ہے، ہم نے وہیں بھانپ لیا تھا کہ بابر آخری اوور نواز سے کروائے گا اور فاسٹ بولرز سے پہلے بولنگ کروائے گا کیونکہ وہ لوگ پہلے ہی گیم کو کمزور کرنا چاہتے تھے۔

کوہلی نے بتایا 'میں نے  ہاردک سے کہا کہ ہم اگر حارث رؤف کے اوور میں شاٹس کھیل دیں تو میچ ہمارے لیے سیٹ ہو جائے گا اور پاکستان گھبرا جائے گا، اور اتفاق سے یہ ہی ہوا جو ہم نے سوچا تھا، حارث کو جیسے ہی شاٹس پڑے وہ لوگ کمزور  پڑ گئے'۔

میں کوہلی کیلئے گولی کھا لیتا لیکن اسے آؤٹ نہ ہونے دیتا: پانڈیا

ہاردک پانڈیا نے انٹرویو میں کہا 'جس وقت میں کریز پر آیا اس وقت جو صورتحال تھی، میں کوہلی کے لیے گولی کھا لیتا لیکن اسے اس کی وکٹ نا گنوانے دیتا، مجھے معلوم تھا کہ ہم دونوں ہی ٹیم کو جتوا سکتے ہیں، ہم دونوں میں سے کسی ایک کا کریز پر کھڑے رہنا بہت ضروری تھا'۔

ہاردک نے یہ بھی کہا کہ 'پاکستانی بولرز کو کریڈٹ دینا چاہیے جس طرح سے انہوں نے بولنگ کروائی وہ لاجواب تھی، انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا'۔

خیال رہے کہ پاک بھارت ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی جس میں ویرات کوہلی نے 82 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ ہاردک 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مزید خبریں :