Time 30 اکتوبر ، 2022
کھیل

سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش نے زمبابوے کو 3 رنز سے ہرادیا

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش نے زمبابوے  کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔

میچ میں ڈرامائی صورتحال اس وقت ہوئی جب زمبابوے کو آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے لیکن ڈاٹ بال کے باعث ٹیم کو کوئی رن نہیں ملا اورکھلاڑی پویلین کی جانب بڑھ گئے۔

تاہم امپائر نے نو بال کا اشارہ کیا اور تمام کھلاڑی واپس گراؤنڈ میں آگئے، جب کہ اب آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے جو نہیں بن سکے اوریوں بنگلادیش کو اس مقابلے میں فتح حاصل ہوئی۔

برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کی جانب سے اوپنر نجم الحسین شنتو 71 بناکر ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، کپتان شکیب الحسن 23، عفیف حسین 29، مصدق حسین 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

نورالحسن اوریاسر علی ایک ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں زمبابوے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن 20 اوورز میں زمبابوے کی ٹیم 147 رنز ہی بناسکی۔

واضح رہے کہ آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دو اور میچز کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان اور نیدرلینڈز، بھارت اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ دونوں مقابلے پرتھ میں ہوں گے، پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی ہے، اس کے علاوہ بھارت کو جنوبی افریقا اور بنگلادیش کو زمبابوے کو شکست دینا بھی انتہائی اہم ہے۔

مزید خبریں :