واٹس ایپ کے 5 نئے فیچرز جو جلد آپ کو دستیاب ہوں گے

یہ فیچرز آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں دستیاب ہوں گے / فائل فوٹو
یہ فیچرز آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں دستیاب ہوں گے / فائل فوٹو

واٹس ایپ کا استعمال تو اب اسمارٹ فون صارفین کی زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔

اس وقت بھی واٹس ایپ کی جانب سے متعدد نئے فیچرز پر کام کیا جارہا ہے جو آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

درج ذیل میں ایسے ہی چند فیچرز کے بارے میں آپ جان سکتے ہیں۔

خود سے چیٹ کرنا ہوگا ممکن

اس وقت واٹس ایپ پر صارفین خود کو میسج تو بھیج سکتے ہیں مگر اس نئے فیچر میں میسج یور سیلف کا کیپشن ہائی لائٹ ہوگا تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ وہ خود سے ہی بات کررہے ہیں۔

اس فیچر کے تحت صارف اپنے فون نمبر کو بھی کانٹیکٹس لسٹ میں ایڈ کرسکیں گے جس سے ان کے لیے 'خود' تک رسائی آسان ہوجائے گی۔

گروپ چیٹس میں پروفائل فوٹوز

گروپ چیٹس میں ابھی جب میسج کیا جاتا ہے تو کسی بھی فرد کی پروفائل فوٹو نظر نہیں آتی، مگر بہت جلد اس حوالے سے تبدیلی آنے والی ہے۔

واٹس ایپ گروپس میں جلد ہر فرد کے لیے  پروفائل فوٹو استعمال کرنا ممکن ہوجائے گا۔

اس فیچر سے جب بھی کسی گروپ میں لوگوں کی جانب سے میسج بھیجا جائے گا تو ان کی پروفائل فوٹو دیگر اراکین کو نظر آئے گی۔

پروفائل فوٹو نہ ہونے پر ڈیفالٹ پروفائل آئیکون چیٹ میں شو ہوگا۔

میڈیا فائلز کو کیپشن کے ساتھ فارورڈ کرنا

واٹس ایپ میں صارفین جلد تصاویر، ویڈیوز اور دستاویزات کو کیپشن کے ساتھ فارورڈ کرسکیں گے۔

تصاویر کو دھندلا کرنا

یہ فیچر اس وقت ڈیسک ٹاپ پر بیٹا ورژن میں دستیاب ہے جس سے صارفین اپنی تصاویر کو دھندلا کرسکیں گے۔

اس فیچر کے تحت صارفین کو 2 ٹولز دستیاب ہوں گے تاکہ اپنی پسند کا ایفیکٹ استعمال کرسکیں اور تصویر میں مخصوص جگہوں کو دھندلا کرنا بھی ممکن ہوگا۔

ڈیسک ٹاپ پر آٹو ڈاؤن لوڈ کا آپشن

واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایک ایسے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس سے صارفین تصاویر، ویڈیوز اور دستاویزات کو آٹو ڈاؤن لوڈ  کرسکیں گے۔

اس طرح کا فیچر فونز پر تو دستیاب ہے مگر اب تک ڈیسک ٹاپ صارفین اس سے محروم تھے۔

مزید خبریں :