دنیا
Time 31 اکتوبر ، 2022

بھارتی ریاست گجرات میں 140 سالہ پُل گرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی

بھارت کی ریاست گجرات میں گزشتہ روز دریا پر بنا 140 سال پرانا پل گرگیا تھا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 134 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز گجرات کے شہر موربی میں دریائے مچھو پر بنا پل گرگیا تھا اور اُس وقت پُل پر سیر و تفریح کیلئے موجود سیکڑوں افراد دریا میں جاگرے تھے۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 134 تک پہنچ گئی ہے اور متعدد افراد زخمی ہیں جبکہ درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پل گرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیکڑوں افراد پل پر موجود ہیں اور پل گرتے ہی سب دریا میں جا گرے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پل پر 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا اُس وقت 400 افراد موجود تھے۔

1880 میں دریا پربنایا گیا پُل سیر وتفریح کا مرکز تھا اور گزشتہ ہفتے ہی مرمت کے بعد 26 اکتوبر کو عوام کیلئے کھولا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے مرمت کرنے والی کمپنی کے منیجر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

مزید خبریں :