01 نومبر ، 2022
آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر بیٹر میری والڈرون کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی آئرش ٹیم ہیں۔
آئر لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے، سیریز کا آغاز 4 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔
آئر ش کرکٹر میری والڈرون نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں ، ہمارا اب تک کا قیام شاندرا رہا ، جب کہ قذافی اسٹیڈیم میں آنا بھی اچھا لگا، ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم دورہ کرنے والی پہلی آئرش ٹیم ہیں۔
میری والڈرون نے کہا کہ ون ڈے میچز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہیں ، ہماری کوشش ہوگی کہ پوائنٹس حاصل کریں، یہاں کا موسم بالکل مختلف ہے ، میں اس سے پہلے برصغیر میں کھیل چکی ہوں ، سری لنکا اور بنگلا دیش میں دو دو مرتبہ جا چکی ہوں۔
آئرش کرکٹر کا کہنا ہے کہ میں ورلڈ کپ کے لیے انڈیا بھی گئی لیکن کئی کھلاڑی پہلی مرتبہ اس خطے میں آئی ہیں، حال ہی ہمارا گروپ ابوظہبی جا چکا ہے لیکن یہاں ویسی گرمی نہیں ہے۔
وکٹ کیپر ببیٹر نے کہا کہ ابھی میں نے السلامُ علیکم اور شکرن سمیت چند الفاظ سیکھے ہیں ، ہم دو ہفتے یہاں ہیں ، اردو کے الفاظ سیکھوں گی، میں نے مقامی کھانے بھی کھانے ہیں۔
میری والڈرون نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کی منیجر نے مجھے ناشتے میں پراٹھا کھانے کا کہا، کوشش کروں گی کہ کھاؤں اور اس کے علاوہ بھی کچھ چکھوں گی ، امید ہے جو کھاؤں گی وہ زیادہ مرچوں والا نہیں ہوگا۔