07 نومبر ، 2022
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑی ذہن میں رکھیں کہ یہ ایڈیلیڈ نہیں ہے۔
نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل سے متعلق گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ساری ٹیمیں ہوم ورک کرکے آتی ہیں لیکن ایک چیز ذہن میں رکھیں کہ یہ ایڈیلیڈ کا نہیں سڈنی کا گراؤنڈ ہے جہاں کی باؤنڈری مڈ وکٹ کے لیے تھوڑی سی بڑی ہے۔
شاہد آفریدی نے بولرز سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹیم کو واضح کیا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سہ فریقی سیریز میں حارث رؤف کے بولنگ اسٹائل کو اچھی طرح دیکھ چکی ہے، وہ جانچ چکے ہیں کہ اسکوائر لیگ اور مڈ وکٹ کا ایریا حارث کے لیے فیورٹ ہے لہٰذا وہ حارث کے لیے خود کو تیار کرکے آئیں گے ۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بھی میچ کے لیے ہوم ورک دونوں ٹیمیں کرکے آتی ہیں لیکن اصل چیز میچ میں اسی منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلنا ہے جو ٹیم سیمی فائنل میں کم سے کم غلطیاں کریں گی وہی جیتے گی۔
شاہد آفریدی نے ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیمی فائنل کھیلتے وقت کھلاڑی اپنے ذہن میں یہ چیز رکھیں کہ وہ ماضی میں نیوزی لینڈ کو شکست دے چکے ہیں بولر ز ہوں ، بیٹسمین ہوں، بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیلنے جائیں، اس دن کو انجوائے کریں اپنا 100 فیصد دیں اور نتیجے کی فکر چھوڑدیں کیوں کہ آپ جہاں 100 فیصد دیتے ہیں وہاں نتیجہ مثبت آتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل 9 نومبر کے روز کھیلاجائے گا۔