پاکستان
Time 10 نومبر ، 2022

میڈیکل ٹیم نے ارشد شریف کے جسم پر زخموں کے 12 نشانات دیکھے ہیں: ڈائریکٹر پمز

پمز  اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا ہے کہ پمز کی میڈیکل ٹیم نے ارشد شریف کے جسم پر  12 جگہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں زخموں کے نشان موجود ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ" میں بات کرتے ہوئے پمز اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم جس کی سربراہی پروفیسر ایس ایچ وقار کر رہے ہیں اس نے ارشد شریف کے جسم پر تشدد کے 12 نشانات کی نشاندہی کی ہے۔

 ڈاکٹر خالد مسعود نے بتایا کہ ارشد شریف کی دائیں کلائی پر تشدد کے نشانات ملے، سیدھے ہاتھ کی 4 انگلیوں کے ناخن نہیں تھے، بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی پر بھی زخم کا نشان ملا، اس طرح 12 مختلف جگہوں پر زخم کے نشانات ملے، اس حوالے سے فارنزک ہو رہا ہے جس کی رپورٹ میں سامنے آسکےگا کہ  کتنا تشدد ہوا، ہوا بھی یا نہیں ہوا ۔

ڈائریکٹر پمز اسپتال کا کہنا تھا کہ ہمیں کینیا میں ہوئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں ملی، ہمیں نہیں پتا کہ انہوں نے پوسٹ مارٹم کے لیے جسم کے کس حصے کو استعمال کیا، ہم نے جب دیکھا تو ناخن نہیں تھے، ہوسکتا ہےکینیا میں پوسٹ مارٹم کے دوران ناخن نکالےگئے ہوں۔

 ڈاکٹر خالد مسعود نے تصدیق کی کہ صحافی ارشد شریف کی تصاویر پمز اسپتال سے ہی لیک ہوئیں،  اس حوالے سے ہم تحقیق کررہے ہیں کہ یہ کیسے ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قانون کے تحت ابتدائی رپورٹ پولیس کو دے دی ہے، ان کے اہلخانہ میں سےکوئی آئےگا تو رپورٹ دے دیں گے، ان کی اہلیہ نے پوسٹ مارٹم کے لیے درخواست کی تھی لیکن پھر انہوں نے رابطہ نہیں کیا۔

مزید خبریں :