کھیل
Time 13 نومبر ، 2022

انگلش کرکٹ ٹیم بیک وقت 2 ورلڈکپ ٹائٹل اپنے پاس رکھنے والی پہلی ٹیم بن گئی

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی 

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر137 رنزبنائے جواب میں انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ پر پورا کردیا۔

اس جیت کے ساتھ جہاں انگلینڈ نے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل جیت لیا وہیں اس نے ایک اہم اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم بیک وقت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے پاس رکھنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

جی ہاں انگلش ٹیم نے2019 میں آخری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ  اپنے نام کیا تھا جبکہ اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی جیت لیا ہے۔

انگلینڈ کے پاس اب ایک ہی وقت میں  ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں ورلڈکپ کے ٹائٹل ہیں۔

اس سے قبل کوئی بھی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  ٹائٹل ایک ہی وقت میں اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ 

واضح رہے کہ انگلش ٹیم نے اوئن مورگن کی کپتانی میں 2019 کا ورلڈکپ جیتا تھا۔اس کے علاوہ 2010 میں پال کولنگ ووڈ کی قیادت میں  پہلی بار انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اگلا ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں بھارت میں منعقد ہوگا۔جب تک ایک روزہ ورلڈکپ کا ٹائٹل انگلش ٹیم کے پاس ہی رہے گا۔ 


مزید خبریں :