14 نومبر ، 2022
ٹوئٹر نے مزید ہزاروں ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا ہے۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے 4400 سے 5500 کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے۔
ان ملازمین کو ملازمت سے نکالنے سے قبل آگاہ بھی نہیں کیا گیا بلکہ انہیں اس کا علم اس وقت ہوا جب ٹوئٹر ورک سسٹمز تک رسائی ختم کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے ان ملازمین کو ایک ای میل بھیج کر بتایا گیا کہ انہیں نکالنے کی وجہ اخراجات میں کمی لانا ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر کے آخر میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خرید لیا تھا۔
اس کے بعد سے ایلون مسک کی جانب سے کافی اقدامات کیے گئے ہیں اور 50 فیصد ملازمین کو بغیر نوٹس کے فارغ کیا گیا۔
ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر ملازمین سے کہا تھا کہ وہ آنے والے مشکل وقت کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا تو کمپنی دلوالیہ بھی ہوسکتی ہے۔
ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ میٹا کی جانب سے بھی 11 ہزار ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے جسے کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ نے مشکل ترین فیصلہ قرار دیا تھا۔