16 نومبر ، 2022
واٹس ایپ نے ایک دلچسپ فیچر صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔
واٹس ایپ کے آئی او ایس ورژن (آئی فونز صارفین) کے لیے خود کو میسج کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے مگر ابھی چند افراد کو ہی دستیاب ہے اور تمام صارفین تک اسے پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا۔
اس نئے فیچرز سے صارف کے لیے 'خود' تک رسائی آسان ہوجائے گی۔
خود کو بھیجے جانے والے تمام میسجز لنکڈ ڈیوائسز پر نظر آئیں گے جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔
تو اگر آپ یہ سوچ کر حیران ہورہے ہوں کہ آخر کوئی فرد خود کو میسج کیوں کرے گا تو جان لیں کہ یہ بہت کارآمد فیچر ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کے فون میں کوئی تفصیل جیسے پاس ورڈ، لنک، تصویر یا گھر کا پتا موجود ہو تو اس تک فوری رسائی واٹس ایپ کے اس فیچر کے ذریعے ممکن ہوسکے گی۔
یعنی آپ وہ تفصیلات خود کو سینڈ کرکے واٹس ایپ پر کسی بھی وقت دیکھ سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے۔
بس واٹس ایپ اوپن کرکے نیو چیٹ آئیکون پر کلک کریں اور دیکھیں کہ آپ کا نمبر یا نام کانٹیکٹ لسٹ میں شو ہورہا ہے یا نہیں۔
اگر یہ فیچر آپ کے فون تک پہنچ چکا ہے تو آپ کا نام یا نمبر کانٹیکٹ لسٹ میں سب سے اوپر ہوگا۔
اس پر کلک کرکے آپ خود کو میسج بھیج سکیں گے۔
اس نئے فیچر میں میسج یور سیلف کا کیپشن ہائی لائٹ ہوگا تاکہ صارف کو معلوم ہوسکے کہ وہ خود سے ہی بات کررہا ہے۔