Time 17 نومبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں پولز کا فیچر دستیاب، استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

یہ فیچر تمام اسمارٹ فونز صارفین کو دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو
یہ فیچر تمام اسمارٹ فونز صارفین کو دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

اب صارفین دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ میں کسی موضوع پر رائے شماری (پولز) کراسکیں گے۔

یہ فیچر گروپس کے ساتھ ساتھ ون ٹو ون چیٹ میں بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں اس فیچر کا اعلان کیا گیا۔

یہ فیچرتمام اسمارٹ فونز صارفین کو دستیاب ہے البتہ ڈیسک ٹاپ ورژن میں فی الحال متعارف نہیں کرایا گیا۔

صارفین کی جانب سے ایک پول میں 12 آپشن شامل کیے جاسکیں گے اور ووٹ ڈالنے پر واٹس ایپ کی جانب سے اسے خودکار طور پر اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

استعمال کیسے کریں گے؟

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ کو تازہ ترین ورژن کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

اس کے بعد کسی بھی دوست یا گروپ چیٹ کو اوپن کریں۔

آئی او ایس میں چیٹ باکس کے برابر میں پلس کے آئیکون جبکہ اینڈرائیڈ پر چیٹ باکس میں موجود پیپر کلپ آئیکون پر کلک کریں۔

ایسا کرنے پر ایک مینیو اوپن ہوجائے گا جس میں Polls کا آپشن بھی موجود ہوگا جس پر کلک کرکے اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

آپشن کو کلک کرنے پر واٹس ایپ کی جانب سے پول کا سوال اور جواب کے آپشن ٹائپ کرنے کا کہا جائے گا۔

جب پول مکمل کرلیں تو سینڈ کے بٹن پر کلک کردیں۔

یہ فیچر لوگوں کی جانب سے مختلف چیزوں کے بارے میں رائے حاصل کرنے کا ایک اچھا طریقہ ثابت ہوگا۔

مزید خبریں :