17 نومبر ، 2022
تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں مرنے والے شہری معظم کو عمران خان کے ٹرک سے ایلیٹ فورس کے اہلکار کے ہتھیار کی گولی لگی، جس شخص نے عمران خان پر فائر کیا اس کی گولی معظم کو نہیں لگی۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے کپڑے اتارنے اور برہنہ کرنے کے بیانات دیے، ان کی کیا ساکھ ہے؟
فیصل واوڈا نے تین پارٹی لیڈروں کو سانپوں سے تشبیہ دے کر کہا کہ تین سانپوں نے عمران خان کی وزارتِ عظمی میں وزیراعظم ہاؤس کے اندر آرمی چیف کو عمران خان کے خلاف بھڑکایا، میں نے آرمی چیف سے کہا کہ عمران خان ایسے نہیں، ان کی باتوں میں نہ آئیں۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ یہ تینوں سانپ وزیراعظم بننے کے امیدوار ہیں، تین سانپ، کچھ کیڑے، دو خاص لوگوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا، عمران خان کو سمجھ نہیں آرہا کہ ان سے کون کام لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ایسی چیزکا دفاع کررہے ہیں کہ اپنی بات کہنے کیلئے انہیں مزید جھوٹ بولنا پڑیں گے۔