22 نومبر ، 2022
بالی وڈ میں اکثر فلمی جوڑیاں کافی مقبول ہوجاتی ہیں اور مداح اس جوڑی کو زیادہ سے زیادہ فلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ایسے ہی ماضی میں بالی وڈ اداکار اکشے کمار اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جوڑی نے بھی فلم انداز، مجھ سے شادی کرو گی اور اعتراض میں کام کرکے خوب پذیرائی حاصل کی لیکن فلم اعتراض کے بعد اکشے کمار اور پریانکا چوپڑا نے پھر ساتھ کام نہیں کیا۔
کیا آپ جانتے ہیں فلم اعتراض کے بعد اکشے اور پریانکا نے آج تک ساتھ کام کیوں نہیں کیا؟
اس حوالے سے حال ہی میں بھارتی فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سنیل درشن نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اکشے کمار نے اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی وجہ سے پریانکا چوپڑا کے ساتھ مزید کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
سنیل نے فلم برسات کی ہدایت کاری کی تھی، جس میں ابتدائی طور پر اکشے اور پریانکا کاسٹ تھے لیکن ٹوئنکل کے تحفظات کی وجہ سے اکشے نے اس فلم سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
فلم برسات 2005 میں ریلیز ہوئی جس میں بوبی دیول، پریانکا چوپڑا، اور بپاشا باسو نے نمایاں کردار ادا کیے۔ اکشے کو اصل میں فلم کے مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کیا گیا تھا اور انہوں نے پریانکا کے ساتھ ایک گانا بھی شوٹ کرلیا تھا لیکن بعد میں وہ مبینہ طور پر اس فلم سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سنیل درشن نے دونوں اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اکشے کمار اور پریانکا چوپڑا ایک بہت اچھی جوڑی تھی، ان کے درمیان کیمسٹری بھی لاجواب تھی۔ فلم کا ایک گانا خوبصورتی سے شوٹ کرلیا گیا تھا پھر پریانکا ورلڈ ٹور کے لیے گئیں اور جب وہ واپس آئی تو مجھے نہیں معلوم ان دونوں اداکاروں کے درمیان میں کیا ہوا۔
سنیل نے بتایا کہ انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ اکشے کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے مبینہ طور پر اکشے اور پریانکا کے ساتھ کام کرنے پر اعتراض کیا تھا۔
اکشے اور پریانکا 2004 میں ریلیز ہوئی فلم اعتراض کے بعد سے اب تک ایک ساتھ کسی فلم میں نظر نہیں آئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹوئنکل اور اکشے کی شادی کو 20 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔