کھیل
Time 23 نومبر ، 2022

'عہدہ سنبھالا تو آنسو نکل گئے تھے'، سیکرٹری ہاکی فیڈریشن فنڈز نا ہونے کے باعث پریشان

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے فنڈز نا ملنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حیدر حسین نے کہا 'میں نے جب سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا تو سمجھیں میرے آنسو نکل گئے تھے کیونکہ فیڈریشن کے پاس فنڈز نہیں تھے'۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فنڈز کی اپیل کرتے ہوئے کہا 'اگر مراد علی شاہ 10 کروڑ روپے نا دیں تو تمام ہاکی اسٹیڈیمز میں تالے لگ جائیں گے، حالت یہ ہے کہ اب اگر ہم سلطان اذلان شاہ کپ میں نا جاتے تو ہم پر فائن لگے گا'۔

حیدر حسین کا کہنا تھا کہ 'ہم اسپورٹس بورڈ کو بار بار یاد دلاتے رہے لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی، اگر ہمیں ایک کمپنی اسپانسر نا کرتی تو ہم اس کپ میں شرکت نہیں کرسکتے تھے'۔

سیکرٹری ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ 'ٹورنامنٹ میں شرکت کرلی پھر بھی  مسائل برقرار ہیں، ہم نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی خط لکھے جس میں ان سے ملنے کا کہا، تاکہ اپنی پریشانیاں ان کے سامنے رکھ سکیں لیکن کوئی جواب نا ملا '۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پڑوسی ملک کو دیکھیں ان کے پاس ایک سال کا اربوں روپے کا فنڈ ہے جب کہ ہمارا فنڈ 35 لاکھ ہے، وہ بھی ہمیں 2 سال میں صرف 37 لاکھ ملے، یا تو قومی کھیل ہی ختم کردیں'۔

حیدر حسین نے کہا 'اگر ہم جنوبی افریقا کے نیشن کپ میں نہیں جاتے تو ہماری رینکنگ 18ویں سے 21ویں نمبر پر آجائیں گے'۔

اذلان شاہ کپ میں شرکت سے متعلق سیکرٹری فیڈریشن نے بتایا کہ 'اس کے لیے بھی مراد علی شاہ اور وزیر توانائی نے کمپنی سے درخواست کی تو انہوں نے ہمیں اسپانسر کیا'۔

فوٹو: رائٹرز/فائل
فوٹو: رائٹرز/فائل

حیدر حسین نے مزید بتایا کہ پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقا جانے کے لیے فنڈز کے انتظامات ہوگئے، اسپورٹس بورڈ نے ای میل کی جگہ میسج کیا کہ ہم 17 ٹکٹس دے رہے ہیں جب کہ کپ کے لیے 18 کھلاڑی اور 4 آفیشلز جانے تھے، ان کی یہ ہی مہربانی ہے کہ انہوں نے 15 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کے ٹکٹس دیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اب صرف جنوبی افریقا کے ویزے کا انتظار ہے ،ویزا ملتے ہی ٹیم نیشن کپ میں شرکت کے لیے جنوبی افریقا روانہ ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ نیشن کپ 28 نومبر سے شروع ہوگا۔

مزید خبریں :