وہ عام عادت جسے اپنا کر آپ کینسر جیسے مرض کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں

ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو
ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو

کینسر دنیا میں اموات کی وجہ بننے والا دوسرا بڑا مرض خیال کیا جاتا ہے مگر اس سے بچنا بہت آسان ہے۔

ایروبک ورزشوں کو عادت بناکر کینسر کے شکار ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل کینسر ریسرچ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ایروبک ورزشوں سے کینسر کی مخصوص اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس تحقیق میں 2734 افراد کے طبی ڈیٹا کا جائزہ 20 سال تک لیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ جو افراد ایروبک ورزش جیسے دوڑنے کے عادی ہوتے ہیں ان میں metastatic کینسر کا خطرہ 72 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوسرے مرحلے میں چوہوں پر تجربات کیے گئے۔

ان چوہوں میں خون کے سرطان کے خلیات داخل کیے گئے، مگر خلیات داخل کرنے سے قبل اور بعد میں انہیں ایروبک ورزشیں کرائی گئیں۔

محققین نے دریافت کیا کہ ورزش کرنے والے چوہوں میں کینسر کی رسولی کی تشخیص کی شرح دیگر کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم تھی۔

تحقیق کے مطابق ورزش سے چوہوں کے جسم میں گلوکوز کو استعمال کرنے کے حوالے سے میٹابولک تبدیلیاں آئیں، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اندرونی اعضا میں گلوکوز کی طلب بڑھنے سے کینسر زدہ خلیات کو نشوونما کے لیے ایندھن نہیں ملتا۔

ماہرین کے مطابق دوڑنے جیسی سخت ورزشیں کرنا ہر فرد کے لیے ممکن نہیں، مگر معتدل ورزش جیسے تیز چہل قدمی سے بھی کینسر سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد تحقیقی رپورٹس میں ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ جسمانی سرگرمیاں جیسے تیز چہل قدمی سے متعدد اقسام کے کینسر کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

اس سے قبل اگست میں جرنل دی لانسیٹ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کینسر کی ایسی اقسام سے اموات کی شرح دنیا بھر میں بڑھ رہی ہے جن کی روک تھام آسانی سے ممکن ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی، الکحل کا استعمال یا زیادہ جسمانی وزن کینسر کا شکار بنانے والے 3 سب سے بڑے عناصر ہیں۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ عالمی سطح پر کینسر کے بیشتر کیسز کی روک تھام ممکن ہے جبکہ جلد تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے بھی اموات کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ کینسر کے تمام کیسز یا اموات کی روک تھام ممکن نہیں مگر تمباکو نوشی اور الکحل سے گریز، صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنا، سورج کی روشنی میں بہت زیادہ گھومنے سے بچنا اور متوازن غذا سے اس موذی مرض کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :