ایلون مسک کا ویری فائی ٹوئٹر اکاؤنٹس کے لیے 3 رنگوں کے ٹک استعمال کرنے کا اعلان

ایلون مسک نے ٹوئٹ میں اس بارے میں بتایا / اے ایف پی فوٹو
ایلون مسک نے ٹوئٹ میں اس بارے میں بتایا / اے ایف پی فوٹو

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹس ویری فکیشن سسٹم کے نئے پروگرام کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کے اکاؤنٹ ویری فکیشن سسٹم کے لیے 3 مختلف رنگوں پر مشتمل چیک مارکس متعارف کرائے جائیں گے۔

گزشتہ دنوں ٹوئٹر کے نئے مالک نے کہا تھا کہ سبسکرپشن پر مبنی ویری فکیشن سسٹم کو اس وقت تک متعارف نہیں کرایا جائے گا جب تک اس بات کو یقینی نہیں بنالیا جاتا کہ اس کا غلط استعمال نہیں ہوگا۔

اب انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آغاز پر ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پروگرام کو ری لانچ کیا جارہا  ہے۔

انہوں نے زیادہ خاص اعلان یہ کیا کہ اکاؤنٹس کے لیے 3 مختلف رنگوں کے چیک مارکس استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اگلے جمعے (2 دسمبر) کو ٹوئٹر بلیو کو ری لانچ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کے اکاؤنٹس پر گولڈ ٹک، حکومتی اداروں کے اکاؤنٹس پر گرے جبکہ انفرادی اکاؤنٹس کے لیے بلیو ٹک استعمال کیا جائے گا۔

ایلون مسک نے کہا کہ تمام اکاؤنٹس پر ویری فائی چیک مارک کو ایکٹیویٹ کرنے سے قبل ان کے مستند ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انفرادی ویری فائیڈ اکاؤنٹس پر بلیو ٹک ہوگا، مگر کسی ادارے سے منسلک افراد کے بلیو ٹک کے ساتھ ایک سیکنڈری چھوٹا لوگو بھی ہوگا، جس سے عندیہ ملے گا کہ یہ اکاؤنٹ اس ادارے کی وجہ سے ویری فائی ہوا۔

ایلون مسک کے مطابق اس حوالے سے مزید تفصیلات وہ آئندہ ہفتے جاری کریں گے۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر بلیو کو نومبر کے شروع میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس سبسکرپشن پلان کے تحت صارفین 8 ڈالرز ماہانہ فیس ادا کرکے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرسکتے تھے۔

8 ڈالرز ماہانہ کے سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے نام کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا۔

اس وقت ٹوئٹر کی جانب سے 2 مختلف رنگوں کے چیک مارکس کی آزمائش کی جارہی ہے مگر اب ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ 3 رنگوں کے چیک مارکس کا استعمال ہوگا۔

مزید خبریں :