28 نومبر ، 2022
پاکستان کے سابق جارحانہ بلے باز عمران نذیر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں زہر دیا گیا تھا جس کے باعث انہوں نے شدید تکلیف برداشت کی۔
عمران نذیر اور فاسٹ بولر وہاب ریاض جیو نیوز کے پروگرام 'ہنسنا منع ہے' کے مہمان بنے جس میں میزبان تابش ہاشمی نے سابق کرکٹر سے زہر دینے سے متعلق سوال کیا۔
عمران نذیر نے زہر دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مرکری پلادی گئی تھی جس سے ان کے جسم کے تقریباً تمام جوڑ ناکارہ ہوگئے تھے، سابق کرکٹر نے کہا 'کسی کے جسم کے ایک جوڑ میں بھی تکلیف ہو تو اگلا پچھلا سب یاد آجاتا ہے، میرا وہ وقت جیسا گزرا، میں جانتا ہوں یا میرا رب '۔
انہوں نے بتایا 'اس زہر نے میرے 10 جوڑوں پر اثر ڈالا، ٹھیک طرح سے چل بھی نہیں پاتا تھا، صبح کے وقت منہ بھی نہیں دھویا جاتا تھا، میں نے کسی کے سامنے آنسو نہیں بہائے'۔
سابق کرکٹر نے کہا 'میں صرف باتھ روم میں جاکر روتا تھا اور کہتا تھا یا اللہ اب اور کتنی سزا ہے میری، لیکن پھر بھی میں نے بہت بہادری سے یہ وقت گزارا، الحمداللہ'۔
ساتھ ہی عمران نذیر نے اس مشکل وقت میں اپنی اہلیہ کے ساتھ کھڑے رہنے کو سراہا، انہوں نے کہا 'مشکل وقت میں ہمیشہ بیوی ہی کام آتی ہے، وہی ساتھ دیتی ہے'۔