28 نومبر ، 2022
واٹس ایپ نے کچھ دن پہلے آئی او ایس ورژن کے صارفین کے لیے خود کو میسج کرنے کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
اس موقع پرکمپنی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی اسے متعارف کرایا جارہا ہے۔
تاہم اینڈرائیڈ صارفین کے لیے میسج یور سیلف نامی فیچر کی دستیابی میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔
مگر اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین اس فیچر کو واٹس ایپ کے ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں استعمال کرسکتے ہیں۔
بس آپ کے اینڈرائیڈ فون میں واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن ہونا ضروری ہوگا۔
اس نئے فیچر سے صارف کے لیے 'خود' تک رسائی آسان ہوجائے گی۔
خود کو بھیجے جانے والے تمام میسجز لنکڈ ڈیوائسز پر نظر آئیں گے جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے۔
بس ویب یا ڈیسک ٹاپ ورژن اوپن کرکے نیو چیٹ آئیکون پر کلک کرنے پر آپ کا نمبر یا نام کانٹیکٹ لسٹ میں سب سے اوپر موجود ہوگا۔
اپنے نام یا نمبر پر کلک کرکے آپ خود کو میسج بھیج سکتے ہیں۔
ایسا ہی موبائل ایپ (فی الحال آئی فونز میں) میں کیا جاسکتا ہے، یعنی واٹس ایپ اوپن کرکے نیو چیٹ کے آپشن پر کلک کریں گے تو آپ کا نام یا نمبر سب سے اوپر شو ہورہا ہوگا۔
اس فیچر میں آپ کے نام یا نمبر کے نیچے میسج یور سیلف کا کیپشن موجود ہوگا تاکہ صارف کو معلوم ہوسکے کہ وہ خود سے ہی بات کررہا ہے۔