کراچی: مسواک کی آڑ میں ہیروئن لندن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

 اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کوریئر کے ذریعے مسواک لندن بھیجنے کی آڑ  میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس میں لندن کے لیے بُک پارسل سے 6 کلو 650 گرام ہیروئین برآمد کی گئی، برآمد شدہ منشیات مسواک میں چھپائی گئی تھی۔

اے این ایف نے ایک اور کارروائی میں نارتھ ناظم آباد میں رکشہ سے 27 کلو 600 گرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جدہ جانے والی خاتون کے  پیٹ سے ہیروئن بھرے 20 کیپسول جبکہ مسقط جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 986 گرام آئس برآمد کی گئی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسی کے ساتھ انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں لندن کے لیے بُک ایک پارسل سے نشہ آور 500 گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ اٹک نجی کوریئر آفس میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں کینیڈا کے لیے بُک کروائے گئے پارسل سے ایک کلو 400 گرام آئس برآمد ہوئی، برآمدشدہ منشیات کچن کٹنگ بورڈ میں چھپائی گئی تھی۔

شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب پِک اپ گاڑی سے 69 کلو 600 گرام چرس اور 20 کلو 400 گرام افیون برآمد کی گئی اور پشاور کے رہائشی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

 پشاور رنگ روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی پنجاب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر کار کے خفیہ خانوں سے 10 کلو 400 گرام ہیروئین برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ادھر زیرو لائن چیکنگ پوائنٹ تورخم کے قریب افغان باشندے سے 930 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔

اے این ایف اور  ایف سی بلوچستان نے بھی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نوکنڈی سیہان کے علاقہ سے 1900 کلو افیون اور 220 کلو چرس برآمد کر کے ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیا۔

مزید خبریں :