02 دسمبر ، 2022
جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا ہے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں کافی کچھ تبدیل ہوا ہے۔
مگر اب آپ کو ٹوئٹر کافی حد تک فیس بک اور انسٹاگرام سے ملتا جلتا نظر آئے گا۔
ٹوئٹر کی جانب سے اب الگورتھم پر مبنی مواد پر زیادہ زور دیا جائے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے نیوزفیڈ پر ایسی پوسٹس کی بھرمار ہوگی جو ایسے اکاؤنٹس کی ہوں گی جن کو آپ فالو ہی نہیں کررہے۔
میٹا کی جانب سے جولائی 2022 میں اس طرح کے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی سسٹم کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت فیس بک اور انسٹاگرام میں صارفین کے نیوزفیڈ پر ریکومینڈڈ پوسٹس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر پر تمام صارفین کو پلیٹ فارم پر بہترین مواد نظر آئے، جس کی وجہ سے ہم ریکومینڈیشنز فیچر کو تمام صارفین تک توسیع دے رہے ہیں۔
آسان الفاظ میں اب ٹوئٹر پر الگورتھم ایسے اکاؤنٹس کا مواد زیادہ دکھائے گا جن کو آپ فالو نہیں کررہے ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق ان ٹوئٹس سے صارفین کو ایسے اکاؤنٹس دریافت کرنے میں مدد ملے گی جن میں انہیں دلچسپی ہوسکتی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس اپ ڈیٹ کا اطلاق ان افراد پر ہوگا جن کے پاس ابھی ریکومینڈڈ ٹوئٹس نظر نہیں آتیں۔
مگر صارفین کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ ٹوئٹر اب ٹک ٹاک یا فیس بک میں تبدیل ہورہا ہے اور صارف کی مرضی کی بجائے اس کے رویوں پر مبنی پوسٹس نظر آنے لگی ہیں۔
ویسے اگر آپ اس طرح کے مواد سے بچنا چاہتے ہیں تو chronological فیڈ پر سوئچ کرجائیں۔