05 دسمبر ، 2022
گوگل کروم براؤزر لیپ ٹاپ کے ریسورسز کی بہت زیادہ مقدار استعمال کرنے کے لیے بدنام ہے جس کے نتیجے میں بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے۔
مگر اب گوگل کروم کے نئے ورژن 108 میں اس مسئلے کا حل انرجی سیور موڈ کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔
انرجی سیور ایک ایسا اسپیشل موڈ ہے جو بیٹری لائف کو کچھ بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس موڈ کو ان ایبل کرنے سے بیک گراؤنڈ ایکٹیویٹی، ویژول ایفیکٹس اور ویڈیو فریم ریٹس محدود ہوجاتے ہیں۔
اس سے کروم کچھ عجیب محسوس ہوتا ہے مگر اس سے لیپ ٹاپ کی بیٹری کو کچھ زیادہ وقت تک چلانا ممکن ہوجاتا ہے۔
گوگل کی جانب سے نومبر کے اختتام پر کروم 108 کو جاری کیا گیا جس میں انرجی سیور موڈ کا فیچر موجود ہے۔
مگر یہ فیچر بائی ڈیفالٹ دستیاب نہیں بلکہ صارف کو خود ان ایبل کرنا ہوتا ہے۔
اس مقصد کے لیے گوگل کروم اوپن کرکے ایڈریس بار پر chrome://flags کرکے انٹر کریں۔
وہاں جاکر بیٹری سیور لکھ کر سرچ کریں تو بیٹری سیور موڈ کا آپشن سامنے آجائے گا۔
اس آپشن کے دائیں جانب ڈیفالٹ پر کلک کرکے اسے ان ایبل کردیں۔
ایسا کرنے کے بعد ری لانچ پر کلک کرنا ہوگا تاکہ تبدیلی کا اطلاق ہوسکے۔
جب کروم ری لانچ ہوجائے تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں اور وہاں بائیں جانب پرفارمنس کے آپشن کا انتخاب کرکے انرجی سیور کو آن کردیں۔
اگر انرجی سیور کا آپشن وہاں نظر نہ آئے تو پھر آپ کو اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مزید چند دن انتظار کرنا ہوگا کیونکہ یہ بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔